اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں نے آواران، ڈیرہ بگٹی اور کیچ کے اضلاع میں 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ آواران میں 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا گیا،قوم کو سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر فخر ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے،حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے متحرک ہے۔