اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ”خان نہیں تو پاکستان نہیں“ کا نعرہ سائفر والے امریکہ سے ہوتا ہوا مکہ ومدینہ کی مقدس سرزمین تک آ پہنچا ہے۔جمعہ کو سوشل میڈیا ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما نے کہاکہ مکمل تیاری اور سوچے سمجھے منصوبے کے تحت بشری بی بی نے جو کچھ کہا اس کی نظیر پی ٹی آئی کی فتنہ و فساد سے بھری تاریخ میں بھی نہیں ملتی۔ عرفان صدیقی نے کہاکہ دوست ممالک کو ناراض کر کے پاکستان سے دور کرنا عمران خان کی سیاست کا خاصہ رہا ہے۔ "خان نہیں تو پاکستان نہیں” کا نعرہ سائفر والے امریکہ سے ہوتا ہوا مکہ ومدینہ کی مقدس سرزمین تک آ پہنچا ہے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ ننگے پائوں اور مدینہ کے نام پر لوگوں کے مذہبی جذبات سے کھیلتے ہوئے یہ بھی نہ سوچا گیا کہ ایک عظیم دوست اسلامی ملک پر کتنا گھنائونا ور شر انگیزالزام لگایا جا رہا ہے۔