اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)گرو نانک دیو جی کے 555 ویں یوم پیدائش کے اہم موقع پر وفاقی حکومت 55 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کر رہی ہے جو مندرجہ ذیل دھاتی ساخت، شکل اور خصوصیات کا حامل ہے:- دھاتی ساخت: نکل اور پیتل، تانبہ 79 فیصد، زنک 20 فیصد اور نکل ایک فیصد سے،قطر: 30 ملی میٹر،وزن: 13.5 گرام ،سامنے کا رخ: سکے کے سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ستارے اور ہلال کے اوپر سکے کےکنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں ’’اسلامی جمہوریہ پاکستان‘‘ کے الفاظ کندہ ہیں۔ چاند کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپرعددی صورت میں اجراء کا سال 2024 درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکے کی مالیت جلی اعداد میں ’’55 ‘‘ اور اردو رسم الخط میں ’’روپیہ‘‘ تحریر ہے۔پچھلا رخ: پچھلے رخ پر وسط میں شری گرونانک دیو جی کی یادگار کی تصویر دی گئی ہے۔ یادگار کے اوپر ’’ 555the Birthday Celebrations ‘‘ اور یادگار کی عمارت کے نیچے ’’SRI GURU NANAK DEV JI ‘‘ تحریر ہے جبکہ سکے کے نچلے کنارے کے ساتھ ’’1469-2024‘‘ درج ہے جو ان کے یوم پیدائش سے اب تک کی مدت کی عکاسی کرتا ہےمملکت پاکستان مختلف مذہبی شناختوں کی وارث ہے۔ بابا گرونانک دیو جی، سکھ مذہب کی روایت کے بانی، اس سرزمین پر پیدا ہونے والی ان عظیم ترین شخصیات میں سے ایک ہیں جو اب پاکستان کا حصہ ہیں۔ سکھ مت ایک عالمی مذہب ہے جس کے دنیا بھر میں لاکھوں پیروکار ہیں اور اس کے مقدس ترین مقامات پاکستان میں واقع ہیں۔یہ سکہ 22 نومبر 2024 سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے تبادلہ کائونٹرز کے ذریعے جاری کیا جا رہا ہے۔