اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور گہرے اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں ان کا اہم کردار ہے ۔ وزارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر تجارت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان-برطانیہ بزنس کونسل (پی بی بی سی) کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد کی قیادت جان ٹکناٹ کر رہے تھے ۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی ) تعاون کو فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔بات چیت کے دوران وفاقی وزیر جام کمال خان نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو کھولنے کے لیے بی ٹو بی مصروفیات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ایک مضبوط تجارتی شراکت داری رکھتے ہیں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کیا جا رہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے فعال کردار کو بھی سراہا۔ ملاقات میں پی بی بی سی کے وفد نے دو طرفہ تجارتی اقدامات کو بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، خاص طور پر ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی جیسے اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔