راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صنعت نہ صرف ملکی ضروریات پوری کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر تعاون کے مواقع بھی تلاش کر رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 24 کے دورہ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کے زیر اہتمام 19 سے 22 نومبر تک 12 ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 24کا انعقاد ہو رہا ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اس نمائش کا دورہ کیا اور مختلف ملکوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں جن میں ترکیہ، آذربائیجان، جنوبی افریقہ، ارجنٹینا، ملائیشیا، یو اے ای، کمبوڈیا، اسواتینی، گیمبیا، برونائی، مالدیپ اور ملاوی شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون اور سکیورٹی تعلقات مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت نہ صرف ملکی ضروریات پوری کر رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر تعاون کے مواقع بھی تلاش کر رہی ہے۔انہوں نے آئیڈیاز جیسے ایونٹس کو پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین موقع قرار دیا۔انہوں نے پاکستان پویلین کا بھی دورہ کیا اور عالمی معیار کے دفاعی ساز و سامان کی تیاری پر مسلح افواج کی کاوشوں کو سراہا۔ جنرل ساحرشمشاد مرزا نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر ڈیپو کی تعریف کی اور تمام غیر ملکی کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا جو اس میں شریک ہوئیں۔