لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 26 ویں نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکا نے ملاقات کی-نیشنل سکیورٹی ورک شاپ کے شرکا نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ” سپر سی ایم ” کا خطاب دے دیا-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے حکومتی کارکردگی پر دو گھنٹے بریفنگ دی، شرکاء نے پرجوش تالیاں بجا کر سراہا-سربراہ نیشنل سیکورٹی ورک شاپ وفد نے کہاکہ پنجاب میں آنا خوش نصیبی ہے، جہاں عوام کے لیے اخلاص اور کوشش نظر آتی ہے- پنجاب میں آکر لگا اندھیرے سے روشنی میں آگئے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں مجموعی حالات باقی صوبوں سے بہتر ہیں – پنجاب میں کوئی بھی تعیناتی سفارش نہیں ہوئی، میرٹ کے معاملے پر کسی کی نہیں سنتی – احتساب نہ ہونے سے ہر شعبہ روبہ زوال ہے۔ سیاسی عدم استحکام سے ترقی اور خوشحالی کا سفر متاثر ہوتا ہے – حکومتوں کو کام نہیں کرنے دیا جاتا – وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ 15 کروڑ عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب کرنے والا ہر کام میری ترجیح ہے-سموگ کو جلد از جلد کنٹرول کرنا چاہتے ہیں – حکومتی اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں – ہیلتھ اور علاج کی سہولتیں نہ ملنے سے لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں – سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہم سب پاکستانی ہیں – ہمارا مقصد پاکستانیت کا فروغ ہے-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی کم اور زر مبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں – سٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ دیے، آئی ٹی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہیں – ایکسپورٹ بڑھنے سے غیر ملکی امداد پر انحصار کم ہوتا ہے، سر اٹھا کر جی سکیںگے- وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ مہنگائی کنٹرول کرنا مشکل کام ہے، 38 فیصد سے 7 فیصد پر آنا بہت بڑا کام ہے -مالی وسائل بڑھا کر عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں -پورے پاکستان سے لوگ بہتر مستقبل، روزگار، نوکری اور علاج کے لئے پنجاب آتے ہیں -وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ 77 سال کے بعد وسائل کی بد انتظامی افسوسناک ہے- ترقی کے لئے انفراسٹرکچر نہایت ضروری ہے، دبئی کی مثال سامنے ہے – جنوبی ایشیاء میں شرح خواندگی کم ہونا شرمناک ہے-دوسرے صوبوں میں شہید ہونے والے بھی پاکستانی ہیں، دکھ ہوتا ہے- دہشتگردی کے خطرات رہتے ہیں، امن امان اولین ترجیح ہے- ای ٹینڈرنگ اور شفافیت سے روڈ بحالی پروگرام میں 45 ارب بچائے۔ انہوں نے کہاکہ گندم خریداری نہ کر کے 800 ارب روپے بچائے ہیں – سپورٹ پرائس نہیں دینگے، کاشتکار کو کسان کارڈ پرزرعی مداخل، آلات پر سبسڈی دینگے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور سٹاف کا رویہ بھی مریضوں کو متاثر کرتا ہے- ساہیوال واقعہ کے بعد تمام ہسپتالوں میں آگ بجھانے والے آلات فنکشنل کر دیے- گٹر میں گر کر مرنے والے امیروں کے نہیں غربا کے بچے ہوتے ہیں – وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ رات بھر میں تبدیلی نہیں آ سکتی، بحیثیت قوم کیپسٹی بلڈنگ نہیں ہوئی – انتہا پسندی حل طلب مسئلہ ہے-اقلیتوں کے تحفظ پر خصوصی فوکس ہے- مذہب اور فرقہ کوئی بھی ہو، ہر فرد کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے- انہوں نے کہاکہ بچوں سے زیادتی کے ملزم کو رہائی پر گلے میں ہار ڈالنا افسوسناک ہے- ہم چور ڈاکو پکڑتے ہیں، عدالتوں سے چھوٹ کر آ جاتے ہیں -انہوں نے کہا کہ صحت، زراعت پر جتنا بھی خرچ کریں، کم لگتا ہے – پنجاب واحد صوبہ ہے جو سر پلس بجٹ دیتا ہے۔ مریضوں کو گولڈن آور میں بڑے ہسپتال پہنچانے کیلئے ائیر ایمبولینس سروس شروع کی – عام لوگوں سے براہ راست بات چیت کر کے کوئی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کرتی ہوں – آفس میں بیٹھ کر ہر چیز خوش نما لگتی ہے مگر زمینی حقائق مختلف ہوتے ہیں -وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے بتایا کہ 16 ارب کے نواز شریف کینسر ہسپتال میں کسی بھی مریض کو انکار نہیں کیا جائے گا- کینسر کے لاعلاج مریضوں کے لئے سپیشل وارڈ بنایا جائے گا – پاکستان کی پہلی آرٹیفیشل انٹیلیجنس یونیورسٹی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بنے گی-پنجاب میں سیف سٹی بنائیں گے، ہر جگہ پینک بٹن لگائیں گے -انہوں نے مزید بتایا کہ اجتماعی شادیوں کے پنجاب دھی رانی پروگرام کیلئے پانچ ہزار افراد اپلائی کر چکے ہیں – پنجاب سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے -وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ بچیوں کو آسانی سے ای بائیک پر سفر کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے -وززیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کرپشن میری ریڈ لائن ہے، ڈھائی کروڑ کی سرکاری انسولین بیچنے والوں کو جیل تک پہنچایا۔ میرٹ پر آنے والے ہر بچے کو ہونہار سکالر شپ ملے گا- بچیوں کو سکول کالج امدو رفت میں آسانی کیلئے پنک بس سروس شروع کی ہے- پاکستان کا پہلا سرکاری آٹزم سکول لاہور میں بنے گا- سڑکیں بحال پنجاب خوشحال کے تحت 907172 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی جاری ہے- شریمپ فارمنگ کے ذریعے بنجر زمین کو کارآمد بنائیں گے اور زرمبادلہ کمائیں گے- 27 الیکٹرک بسیں دسمبر میں آ جائیں گی -پولیس اور ڈپٹی کمشنرز کو اچھی کارکردگی پر مارکس ملتے ہیں، شکایت پر نیگیٹو مارکنگ ہوتی ہے-وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ خاتون کی حیثیت سے بعض اوقات کردار کشی کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔پنجاب میں خواتین سیاست، ملازمت اور بزنس میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں -خواتین کمشنر اور ڈپٹی کمشنر زیادہ متحرک ہیں – پنجاب کے سرکاری دفاتر میں زیرو پلاسٹک پالیسی سختی سے نافذ کردی گئی ہے – انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام ہی میری اول و آخر ترجیح ہے- پنجاب میں کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے اربوں روپے کے آلات اور ادویات خرید چکے ہیں -وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے این ڈی یو ورکشاپ کے شرکا کے سوالات کے تسلی بخش جواب دئیے -وفد کے شرکاء میں ارکان صوبائی و قومی اسمبلی، سینیٹرز اور دیگر شامل تھے-