لاہور( نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں رہنے والے بھائیوں کی مانند ہیں۔ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور معاونت کریں گے۔ صوبائی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ قومی یکجہتی اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے مل جل کر کام کریں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کی عوام کی مثالی خدمت کر رہی ہیں۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہے۔