اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ وفاق کی علامت ہونے کے حوالے سے ایوان بالا کوقومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے،پاکستان مسلم لیگ (ن ) پارلیمانی گروپ کو اس مقصد کے لیے ایوان میں موجود تمام دوسری جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں۔بدھ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم سے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے لیڈر اور سینیٹ کی خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے یہاں وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ انھوں نے وزیر اعظم کو قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے حوالے سے بھی بریف کیا۔انہوں نے معاشی اہداف کے حوالے سے شاندار کار کردگی پر وزیر اعظم کو مبارکباد پیش کی۔وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے سینیٹرز قابل تحسین کر دار ادا کررہے ہیں،وفاق کی علامت ہونے کے حوالے سے ایوان بالا کوقومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن ) پارلیمانی گروپ کو اس مقصد کے لیے ایوان میں موجود تمام دوسری جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں، آج کے دور میں مضبوط خارجہ پالیسی کی اہمیت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔وزیر اعظم نے توقع ظاہر کی کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ ایک تھنک ٹینک کا کردار ادا کرتےہوئے حکومت کی راہنمائی کرے گی۔