کراچی( نمائندہ خصوصی )پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیرنے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ بین الاقوامی دفاعی نمائش و سیمینار (آئیڈیاز 2024) کا دورہ کیا۔ انہوں نے دوست ممالک کے دفاعی سازوسامان ، ملکی و غیر ملکی نمائش کنندگان کے ہتھیاروں اور سازوسامان کی شاندار نمائش کا مشاہدہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق نمائش میں مجموعی طور پر 557 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی اور 224 مقامی نمائش کنندگان شامل ہیں۔ 36 ممالک نے اپنے سٹالز قائم کیے ہیں جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شریک ہوئے ہیں۔ 53 ممالک سے 300 سے زائد غیر ملکی مندوبین نے اس ایونٹ میں شرکت کی اور پاکستان کی دفاعی صنعت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔دورے کے دوران آرمی چیف نے غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین سے اہم ملاقاتیں بھی کیں۔تقریب کا ایک اہم پہلو گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز (جی آئی ڈی ایس) پاکستان کی جانب سے جدید ترین جنگی ڈرون شاہپر-III کی افتتاحی تقریب تھی۔ شاہپر-III جدید صلاحیتوں سے لیس ہےجس میں 35,000 فٹ کی آپریشنل بلندی اور 24 گھنٹے سے زائد تک پرواز کی صلاحیت شامل ہے۔یہ ڈرون بم، میزائل اور تارپیڈو سمیت مختلف اقسام کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔آئیڈیاز 2024 کے بارہویں ایڈیشن کی نمائش 19 نومبر کو شروع ہوئی اور 22 نومبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگی ۔ قبل ازیں کراچی آمد پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے کیا۔