کراچی( نمائندہ خصوصی ) پاکستان رینجرز (سندھ)اور کیماڑی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سائیٹ ٹاؤن سے بینکوں سے پیسے نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث گروہ کا انتہائی مطلوب ڈکیت محمد عمران عرف عمران سندھی کو گرفتار کر لیا گرفتار ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملزم اپنے دیگر ساتھیوں وقاص عرف ماموں، جمیل عرف نائی، اویس عرف پٹنی، غلام مصطفی عرف فوجی، جاوید سواتی، سجاد پٹھان، عبداللہ پٹھان، جبران اور یاسر عرف چیپک کے ساتھ مل کر مختلف بینکوں سے پیسے نکلوانے والے شہریوں کو لوٹنے میں ملوث ہے۔ ملزم کراچی کے مختلف علاقوں سے متعدد شہریوں سے مبلغ 58لاکھ 40ہزار روپے چھین چکا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے2022 سے لے کر ابتک اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ 300سے زائد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ ملز م کو ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی واضح طو پر دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزم اس سے قبل متعد د بار گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے۔ ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔
گرفتارملزم کو بمعہ اسلحہ مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔