کراچی( نمائندہ خصوصی،کامرس رپورٹر ) ملک میں ڈیبٹ کارڈز کا سب سے بڑا جاری کنندہ بینک، نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی ) ون لنک اور ماسٹر کارڈ کے ساتھ کو بیجنگ معاہدہ پر دستخط کرنے والا پاکستان کا پہلا کمرشل بینک بن گیا۔ معاہدہ پر دستخطی تقریب کا انعقاد این بی پی کے ہیڈکوارٹرز میں کیا گیا جو پاکستان بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کے حل کے فروغ میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔این بی پی کے صدر جناب رحمت علی حسنی اور ون لنک کے سی ای او نجیب آگرہ والا نے ماسٹر کارڈ کے کنٹری منیجر ارسلان خان کی موجودگی میں معاہدہ پر باضابطہ دستخط کئے۔ تقریب میں عدنان ناصر، ایس ای وی پی اینڈ سی ڈی او، این بی پی،فیصل ٹوپرا، ایس ای وی پی اینڈ گروپ چیف آر بی جی (اے)، این بی پی، فواد فرخ، ایس ای وی پی اینڈ گروپ چیف اے آئی بی جی، امین مانجی، ایس ای وی پی اینڈ سی ٹی او، این بی پی، امین سجوانی ، ریجینل سیلز منیجر تھالیز بی پی ایس، شہزاد شاہد، سی ای او ٹی پی ایس اور فہد محمد ، سی ای او دیکاگون پرائیویٹ لمیٹڈ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جناب رحمت علی حسنی نے شراکت داری کی اسٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا” یہ شراکت داری صارفین کو محفوظ، عالمی معیار کے ادائیگی کے حل فراہم کرنے میں ایک نمایاں سنگ میل ہے۔ماسٹر کارڈ کو بیج ڈیبٹ کارڈز کے ساتھ دنیا بھر میں ہموارڈیجیٹل بینکنگ کے تجربات کی فراہمی اورڈیجیٹل ادائیگی کی قبولیت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔اس اشتراک کے ذریعے این بی پی ماسٹر کارڈ کی جدید ترین ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ادائیگی کے عالمی معیار کے حل فراہم کرے گا اور صارفین کو عظیم تر مالی آزادی اور رسائی کے ساتھ بااختیار بنائے گا۔