اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے،جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔وفد میں بل اینڈ میلینڈا گیٹس فائونڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس،عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی ، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا ، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ،روٹری فائونڈیشن کے ٹرسٹی و نیشنل چیئر عزیز میمن، کنگ سلمان ہیومنیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ صالح کے شامل تھے۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کنگ سلمان فائونڈیشن ، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فائونڈیشن ، روٹری فائونڈیشن ، یونیسیف اور سی ڈی سی کا شکریہ ادا کیا جو کہ انسداد پولیو مہم میں حکومت پاکستان کے ساتھ شریک ہیں،ان تمام تنظیموں کا کردار انسداد پولیو مہم میں عالمی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے،جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے،پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر انسداد پولیو کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام وزراء اعلیٰ و چیف سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی۔وفد نے انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔بل اینڈ میلینڈا گیٹس کے نمائندے ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس نے کہا کہ پاکستان کی انسداد پولیو کی موجودہ حکمت عملی پر بہتر طریقے سے عملدرآمد ہو رہا ہے جس کے نتائج میکرو سطح پر نظر آنا شروع ہو گئے ہیں،جلد ہی پولیو کیسز میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ ڈاکٹر حنان بلخی نے کہا کہ صحت عامہ کے حوالے سے خطے کے ممالک کو روابط بہتر کرنے اور اس حوالے سے ڈائیلاگ شروع کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں انسداد پولیو کے حوالےسے حکومتی کوششوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حال ہی میں ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران وزارت قومی صحت اور انسداد پولیو پروگرام سے متعلقہ افسران نے پولیو سے متاثرہ دور دراز علاقوں کا دورہ کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر حالیہ انسداد پولیو مہم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروایا گیا ہے،جن بچوں میں پولیو کی تشخیص ہوئی ہے ان کی نگہداشت کی جا رہی ہے۔ملک کے جن علاقوں میں بچوں میں پولیو ویکسینیشن کی شرح بہتر ہے وہاں پولیو کا پھیلائو کم ہے۔ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔