اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق آئینی درخواست خارج کر دی۔ درخواست گزار محمود اختر نقوی کے بار بار نوٹسز کے باوجود عدالت میں پیش ہونے اور اپنے دلائل کا دفاع کرنے میں ناکام رہنے کے بعد درخواست خارج کی گئی۔علاوہ ازیں تینوں سروسز چیفس کی مدت کا تعین کرنے والی نئی قانون سازی بھی پٹیشن کو خارج کرنے کا موجب بنی۔ درخواست کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں قائم سپریم کورٹ کےآئینی بنچ نے کی۔بنچ میں جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان شامل تھے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے 2000 سے زائد مقدمات کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔