برسلز:برسلز میں پاکستانی سفارت خانے کے تجارتی اتاشی محمد بلال نے پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، زراعت، اور قابل تجدید توانائی جیسے اہم شعبے ترقی کے بے پناہ امکانات رکھتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع، جدید انفراسٹرکچر، اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار پالیسیوں کو بھی اجاگر کیا۔وہ پاکستانی سفارت خانہ برسلز اور فیڈریشن آف بیلجین چیمبرز آف کامرس کے اشتراک سے "پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع” پر منعقدہ ویبینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ویبنار میں بیلجیم کے اسلام آباد میں موجود تجارتی کمشنر، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے جوائنٹ سیکریٹری، اور پاکستان ، بیلجیم ،لکسمبرگ بزنس فورم کے صدر کے علاوہ بیلجیم اور لکسمبرگ سے 30 سے زائد کمپنیوں کے نمائندگان نے شرکت کی جو پاکستان کی اقتصادی اور سرمایہ کاری کی صلاحیتوں میں گہری دلچسپی کا مظہر ہے ۔یہ ویبینار پاکستان، بیلجیم، اور لکسمبرگ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی مفید شراکت داریوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ثابت تھا جس نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کے نئے مواقع دریافت کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کیا۔