کراچی۔(نمائندہ خصوصی):سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کھیلوں سمیت تمام شعبوں میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات شرجیل انعام میمن نے ملائیشیا میں ہونے والے انٹرنیشنل تائیکونڈو چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے سید ابوہریرہ شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرانہوں نے چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے پر سید ابو ہریرہ شاہ کو شاباشی اور انعام دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ سید ابوہریرہ شاہ حقیقی چیمپئن ہیں، جنہوں نے صوبہ سندھ اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سید ابوہریرہ کی شاندار کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان بے پناہ ٹیلنٹ کے حامل ہیں،درحقیقت پاکستان کا مستقبل، ہماری نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہمارے نوجوانوں کو وسائل تک رسائی اور رہنمائی حاصل ہو،حکومت سندھ کھیلوں، صحت اور تعلیم سمیت تمام شعبوں میں اپنی مزید کاوشیں جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوانوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سید ابوہریرہ شاہ جیسے گولڈ میڈلسٹ کی محنت، لگن اور کوششوں سے مستفید ہوں۔