لاہور۔(نمائندہ خصوصی):بابا گورو نانک کے 555 ویں جنم دن کے موقع پر بھا رت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یا تری پیر کے روز حسن ابدال سے گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال پہنچ گئے ۔ اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے یاتریوں کے لیے ٹرانسپورٹ ، رہائش سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے ۔کرتارپور پہنچے پر بھارت سے آ ئے دہلی گورودارہ مینجمنٹ کمیٹی کے پارٹی لیڈر ہرجیت سنگھ بپانے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کے لئے کئے گئے سیکورٹی، رہائش سمیت تمام انتظامات قابل تعریف ہیں ، پاکستان پر امن ملک ہے ، پاکستانی سکھ قوم سے دلی محبت کرتے ہیں.،حکومت اور متروکہ وقف املاک بورڈ نے ہمیں عزت بخشتے ہوئے پرخلوص انتظامات کیے ہیں ۔سکھ خواتین نے بھی انتظامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بہت عزت و احترام ملاہے۔ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق سکھ یاتری گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور میں ایک روز قیام کریں گے جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، طے شدہ شیڈول کے مطابق یاتری20نومبر کو گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آ باد کی یاترا کرتے ہوئے لاہور پہنچیں گے۔