لاہور۔(نمائندہ خصوصی):لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے جلا ئوگھیرا ئوکے واقعات میں عسکری ٹاور پر حملے،تھانہ شادمان کو نذرِ آتش کرنے اور جناح ہائوس پر حملے سمیت مختلف الزامات کےتین مقدمات میں گرفتار پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد،اعجاز چوہدری،عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشیدسمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت نے مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف استغاثہ کے گواہان کو شہادت کے لئے طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے سوموار کو لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سماعت کی۔ملزمان کی جانب سے برہان معظم ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔دوران سماعت شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر یاسمین راشد،اعجاز چوہدری سمیت دیگر ملزمان کو جیل میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمات کے چالان کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کی گئیں۔عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا اور 9 مئی کی منصوبہ بندی اور جلا ئوگھیرا ئوکے واقعات سے لاعلمی کا اظہار کیاجس پر عدالت نے استغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا۔