اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پاکستان میں رجسٹرڈ کسی بھی سیاسی جماعت کا بیرون ملک رجسٹریشن کرانا اور فنڈز اکٹھے کرنا غیر قانونی ہے، یہ بات الیکشن کمیشن کے 2 اگست 2022 کے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں بھی ثابت ہو چکی ہےپیر کو یہاں جاری بیان میں اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی امریکا کے لابنگ معاہدہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقی آزادی ہے یا امریکی غلامی ہے؟ انہوں نے کہا کہ معاہدہ میں یہ شقیں بھی درج کی گئی ہیں کہ پاکستان میں امریکی مفادات کو فروغ دیا جائے گا اور ہمسایہ ملک (چین) کے پاکستان میں بڑھتے ہوئے اثر رسوخ کا مقابلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ ملک دشمنی پر مبنی بھی ہے۔ اکبر ایس بابر نے کہا کہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ اس معاہدہ پر الیکشن کمیشن اور قومی سلامتی کے ادارے فوراً نوٹس لے کر قانونی کارروائی کریں۔