اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہت ضروری ہے، حکومت ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمہ کے لیے پر عزم ہے، سمارٹ فون فار آل پالیسی پر کام جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو قطر میں منعقدہ کانفرنس بعنوان ‘ڈیجیٹلائزیشن اینڈ وومن ان پولیٹیکس’ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہت ضروری ہے، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ کی فراہمی سے خواتین کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمہ کے لیے پر عزم ہے، خواتین کے موبائل فون، آئی سی ٹی کے استعمال میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے سیاست میں آنے کے لیے سماجی، معاشی رکاوٹیں ہیں، ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنا کر قومی سیاسی دھارے میں لایا جا سکتا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ خواتین کی ڈیجیٹل اکانومی تک رسائی کے لیے جینڈر ڈیجیٹل ڈیوائیڈ پالیسی پر کام کر رہے ہیں، وزیراعظم فری لیپ ٹاپ سکیم ڈیجیٹل ٹولز کی رسائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، سمارٹ فون فار آل پالیسی پر کام جاری ہے۔