کراچی(نمائندہ خصوصی )بین الاقوامی فلاحی تنظیم "کوپ” اور اسلامک ہیلپ پاکستان کے تعاون سے 20 غریب اورمستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب کا برفت فٹبال اسٹیڈیم صفورہ کراچی میں انعقاد کیا گیا۔ فلاحی تنظیم کوپ اور اسلامک ہیلپ پاکستان کی جانب سے بیس غریب اورمستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کا مقصد معاشرے میں بسنے والے ان افراد کی مدد کرنا تھا جو مالی مشکلات کی وجہ سے اپنی بیٹیوں اور بیٹوں کی شادیاں کرنے سے قاصر تھے۔تقریب میں مہمانانِ گرامی، معززین، اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر دلہنوں کو جہیز کا ضروری سامان اور دلہوں کو دیگر مدد فراہم کی گئی تاکہ وہ نئی زندگی کا آغاز باوقار طریقے سے کر سکیں۔ تقریب میں کوپ کی چیئر پرسن میڈم نصرت رفیق صاحبہ نے اپنے بورڈ ٹرسٹیز کے ہمراہ شریک کی اور نئے جوڑے کو شادی کی مبارکباد اور سلامی پیش کی جبکہ اسلامک ہیلپ پاکستان کے کنٹری مینیجر سید اعجاز ہمدانی اور ریجنل منیجر مفتی محمد عاصم صدیقی بھی وہاں موجود تھے۔کوپ کی چیئر پرسن میڈم نصرت رفیق نے کہا دکھی انسانیت کی خدمت او رمجبور ولا چار لوگوں کی مدد کرنے سے دلی سکون ملتاہے دنیا میں انسایت کی خدمت کرنا ہم اپنا اولین فرض سمجھتے ہیں ہم بنا کسی نسل ، ذات پات کے ہر انسان کی مدد کرنے پر یقین رکھتے ہیں، انہوں نے کہا پاکستان میں 1 کروڑ 35 لاکھ بچیوں کی غربت کی وجہ سے شادی نہیں کیا جا سکی۔اسلامک ہیلپ پاکستان کے کنٹری مینیجر سید اعجاز ہمدانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا "ہمارا مشن یہ ہے کہ ہم ضرورت مند افراد کی مدد کریں اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں۔ اجتماعی شادیاں نہ صرف غریب افراد کا بوجھ کم کرتی ہیں بلکہ معاشرے میں ہم آہنگی اور محبت کا پیغام بھی دیتی ہیں،ریجنل مینجر مفتی عاصم صدیقی نے اپنے خطاب میں کہاکہ غربت کی وجہ سے بہت سی لڑکیوں کی شادی میں تاخیر ہوجاتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں جہیز نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں کی تعدا دمیں بچیاں اور بچے شادی سے محروم ہیں انہوں نے کہا انسایت کی خدمت کرنا ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی خدمت خلق میں ہے، ضرورت مند اور نادار افراد کی مدد کر کے ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا چاہیے تاکہ وہ لوگ بھی اس معاشرے میں بہتر سے بہتر زندگی بسر کر سکیں جو حالات سے تنگ ہوکر پریشانیوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔شرکاء نے فلاحی تنظیم کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ تنظیم نے آئندہ بھی مزید مستحق جوڑوں کی شادیوں کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کا عزم کیا۔کوپ اور اسلامک ہیلپ پاکستان کی جانب سے تمام شرکاء، عطیہ دہندگان، اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس نیک کام میں اپنا حصہ ڈالا۔ دلہا اور دلہن کے ہمراہ آنے والے مہمانوں کی بہترین کھانوں سے تواضع اور نئی زندگی کا آغاز کرنے والے جوڑوں کو ضروریات زندگی پر مشتمل قیمتی برائیڈل گفٹ اور جہیز بھی دیے گئے۔