کراچی(وقا ئع نگار خصوصی) بلدیہ عظمی کراچی نے شہرمیں گندگی پھیلانے والوں کیخلاف بڑی کارروائی کی تیاریاں کرلیں،تمام ٹاﺅنز کے میونسپل انسپکٹرز کو متحرک کردیا گیا،سڑکوں اور شاہراہوں پر کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی اور جرمانے عائد کئے جائینگے،محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن نے سروے شروع کردیا،کچرا کنڈیوں اور کوڑے دانوں سے بروقت کچرا نہ اٹھانے پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ذمہ داروں سے بھی باز پرس کرنے کا فیصلہ۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضی وہاب نے شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال اور اس حوالے سے بڑھتی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کو اس سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کا ٹاسک دیدیا ہے،میئر کراچی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن خلیق الرحمن نے ایک آرڈر کے ذریعے تمام میونسپل انسپکٹر ز کو شہر میں کچرا پھیلانے والے عناصر کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا ہے اور اس حوالے سے پہلے مرحلے میں شہر کے کمرشل اور انڈسٹریل زون کا سروے شروع کردیا گیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے ایسے مقامات جہاں صفائی ستھرائی کا فقدان ہے اس کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا کہ کس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث صفائی ستھرائی کے مسائل درپیش ہیں اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کاظم مصطفے کو فوکل پرسن مقرر کردیا گیا ہے جو کہ سندھ سالڈ ویسٹمینجمنٹ بورڈ اور محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن کے افسران اور انسپکٹرز کے درمیان رابطے میں ہونگے،محکمہ انفورسمنٹ اینڈ امپلی منٹیشن نے شہر کے اہم علاقے کالعدم ضلع جنوبی سے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے جبکہ شہر کے مصروف کاروباری علاقوں ،ریسٹورنٹس اور مارکیٹوں کا سروے شروع کیا گیا ہے اور ان علاقوں میں موجود کچرا کنڈیوں اور کوڑے دانوں سے بروقت کچرا ٹھایا جارہا ہے یا نہیں اس کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ شہریوں،دکانداروں اور مارکیٹس کی یونینز کو کچرا کوڑے دانوں میں ڈالنے کی ترغیب دی جارہی ہے