لاہور۔(نمائندہ خصوصی):استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنما،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل آئی پی پی و رکن قومی اسمبلی عون چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر بار بار یلغار کرنے والے ملک کے دشمن ہیں،سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام ممکن ہے ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا،پی ٹی آئی کے کھوکھلے نعروں نے عوام کو مایوس کیا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔عون چوہدری نے کہاکہ پاکستان اس وقت برق رفتاری کے ساتھ ترقی کی جانب گامزن ہے ،ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو آپس کے اختلافات بھلا کر ملکی ترقی میں اپنا مثبت کر دار ادا کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت پاکستان کے موجودہ حالات بہت بہتر ہیں،مہنگائی دن بدن کم ہو رہی ہے ،ڈالر نیچے آ رہا اور ملکی ایکسپورٹ میں بھی کافی حد تک اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل نا گزیر ہے ،ہمیں سب سے پہلے پاکستان کی ترقی کی فکر کرنی چاہیے بعد میں اپنے بارے سوچنا چاہیے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ، ورنہ ہماری اپنی کوئی حیثیت نہیں ۔عون چوہدری نے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر پاکستان کو ترقی کرتا اور پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے اور وہ آئے روز فیڈریشن پر حملہ کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، اسلام آباد پر بار بار یلغار کرنے والے ملک دشمن ہیں،ان ملک دشمن عناصر نے سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اب مزید ان کے ہاتھو ں بے وقوف نہیں بنیں گے اور ان کے جھانسے میں نہیں آ ئیں گے ، پاکستانی عوام اب پی ٹی آ ئی کے مکروہ چہروں کو پہچان چکی ہے،ہماری پاکستانی عوام بالخصوص کے پی کے کی عوام سے درخواست ہے کہ وہ ان شر پسندوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کے دور حکومت میں ریکارڈ کرپشن ہو ئی ،سابق وزیر اعلی عثمان بزدار کے دور میں پنجاب میں اتنی کرپشن ہو ئی کہ جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ،پی ٹی آ ئی کے دور میں ملک میں کوئی میگا پراجیکٹ شروع نہیں ہوا بلکہ صرف دو سروں کی ذات پر کیچڑ اچھالا گیا ،معیشت کے ساتھ کھلواڑ کیا، مہنگائی میں اضافہ ہوا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے،پی ٹی آئی کے کھوکھلے نعروں نے عوام کو مایوس کیا ۔عون چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آ ئی کے مشیر اسے غلط گائیڈ کر رہے ہیں اور ہر وہ کام جو ملکی مفاد کے خلاف جاتا ہے، اس پر اکسا رہے ہیں ،انہیں ان سانپوں سے پوچھنا چاہیے کہ آخر وہ چاہتے کیا ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کو دھرنوں ،مار دو یا مر جائو،جلائو گھیرائو اور انتشار کی سیاست کو چھوڑ کر پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے حکومت کے ساتھ ایک میز پر بیٹھنا چاہیے اور ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مثبت تجاویز دینی چاہیے نہ کے فیڈریشن پر حملے کرے،ملکی اداروں پر حملہ کرنے والے کبھی بھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے،پی ٹی آ ئی والے لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں ہم نے اسلام آباد میں 126دن دھرنا دیا لیکن اس دوران ہمارے ورکرز نے کوئی جلائو گھیرائو نہیں کیا اور نہ ہی قومی املاک کو نقصان پہنچایا جبکہ پی ٹی آئی کے ملک دشمن عناصر نے قومی ہیروز کی یادگاروں کو آگ لگائی اور مزاروں کی بے حرمتی کی،وہ دوبارہ اسلام آ باد کی طرف یلغار کر کے نو مئی کے واقعہ کو دہرانا چاہتے ہیں لیکن اس بار حکومت انہیں ایسا کرنے نہیں دے گی اور قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں عون چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے یوتھ کی ذہن سازی کی اور انہیں دوسروں کے ساتھ گالم گلوچ کرنے ، بڑوں سے بد اخلاقی سے پیش آ نے کی تربیت دی ،انہیں پٹرول بم بناناسکھائے۔