کراچی (نمائندہ خصوصی) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے جاری بین الاقوامی پوسٹ کارڈ اور آن لائن دستخطی مہم جاری ہے اور اس سلسلے میں کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد نے جنرل پوسٹ آفس صدر آ کر امریکی صدر کے نام پوسٹ کارڈ بذریعہ ڈاک ارسال کر کے ڈاکٹر عافیہ کی سزا کے خاتمہ کے لیے رحم کی درخواست (Clemency petition no. C310439) منظور کرنے کی اپیل کی ہے۔شام دیر تک پوسٹ کارڈ ارسال کرنے کے لیے جی او پی صدر شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے عوام کا جوش و جذبہ قابل دید تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام بھی عافیہ کی رہائی چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے گزشتہ روز اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کراچی کے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ حکومت نے عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز کی اپیل پر امریکی صدر کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لیے خط لکھ دیا ہے اب ذمہ داری نبھانے کی باری عوام کی ہے۔ جس پر بزرگ، جوان، بچوں اور مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی جماعتوں اور عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز نے جی پی او صدر آ کر ہزاروں کی تعداد میں پوسٹ کارڈ بذریعہ ڈاک اسلام آباد میں تعینات امریکی سفیر کے توسط سے امریکی صدر جو بائیڈن کو ارسال کیے۔ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے بڑی تعداد میں امریکی صدر کو عافیہ رہائی پوسٹ کارڈ ارسال کرنے پر کراچی کے شہریوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ کارڈ ارسال کرنے کے ساتھ آن لائن دستخطی مہم بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ڈاکٹر عافیہ کے وکلائ نے کہا ہے کہ سزا کے خاتمے کی اپیل کو منظور کرانے کے لئے ایک کروڑ آن لائن دستخط کی ضرورت ہے۔