لاہور۔(نمائندہ خصوصی):پاکستان کے دورے پر آئے سپین کے پارلیمانی وفد نے ہفتہ کو واہگہ بارڈر کا دورہ کیا اور پرچم اتارنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔پرچم اتارنے کی پروقار تقریب میں ملی جوش و جذبے سے سر شار پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد پاکستان رینجرز کے جوانوں نے پریڈ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ تقریب میں پاکستانی پرچم تھامے نوجوان، بزرگ، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی،پریڈ کے دوران پاکستان رینجرز کے جوانوں کے ساتھ ساتھ عوام کا جوش و خروش اور فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔اس موقع پر پاکستان اور بھارتی رینجرز کے سرحدی محافظ پریڈ کے دوران ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتے نظر آئے اور وہاں پاکستانی شائقین نے
اپنے جوانوں کا نعروں کے ساتھ بھرپور ساتھ دیا ۔رینجرز کی دلیرانہ انداز کی پریڈ کے دوران تقریب دیکھنے کے لیے موجود عوام اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے رہے۔ تقریب کے اختتام پر سپین کے پارلیمانی وفد نے پاک بھارت بارڈر پر زیرو لائن کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر سیکورٹی آفیسر لیفٹیننٹ کرنل اعظم شاہ نے وفد کو بریفننگ دی۔