اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):بینک دولت پاکستان اپنے 16 فیلڈ دفاتر میں 19 نومبر 2024ء کو ویمن انٹرپرینورشپ ڈے منائے گا۔ مرکزی تقریب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں ہوگی، گورنر اسٹیٹ بینک جناب جمیل احمد کلیدی خطاب کریں گے۔اس تقریب میں بینکوں اور نان بینک اداروں کے اعلیٰ حکام اور ورکنگ ویمن ایسوسی ایشنوں کے نمائندے معیشت میں خاتون آجرین کے اہم کردار کا اعتراف کرنے کے لیے جمع ہوں گے۔ویمن انٹرپرینورشپ ڈے کی تیاریوں کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک جولائی 2024ء سے اپنے اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے متعدد سرگرمیاں انجام دے رہا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ خواتین کی زیرِ قیادت چلنے والے کاروباروں کے لیے سازگار ماحول پروان چڑھایا جائے۔ یہ سرگرمیاں، جن میں ورکشاپ، آگاہی کی مہمات، اور مینٹورشپ پروگرام شامل ہیں، انجام دینے کا مقصد خواتین کو قرضوں کے دستیاب ذرائع سے آگاہ کرنا اور کاروباری سفر میں سہولت دینے کے لیے انہیں رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے اسٹیٹ بینک – بی ایس سی دفاتر نے ملک بھر کی ایک ہزار سے زائد انٹرپرینور خواتین کو اپنے ساتھ ملایا ہے۔