کراچی۔(نمائندہ خصوصی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کسی کے ساتھ بھی ظلم اور زیادتی نہیں ہونے دوں گا،نیو کراچی کے نالہ متاثرین کو متبادل کا آپشن دیا جائے جہاں ان کا کاروبار بھی چل سکے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے 7000 فٹ روڈ نیو کراچی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے ڈپٹی کمشنر اور علاقہ مکینوں سے گفتگو کی اور ان کے تحفظات بھی سنے۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نالہ کچرے سے بھر چکا ہے، اس کی صفائی اور بہتری کے لئے کئی دکانیں متاثر ہوں گی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ معاشی مشکلات میں لوگوں کو بیروزگار نہیں ہونا چاہئے۔اس مسئلہ کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا جائے۔اس ضمن میں علاقائی کمیٹی سے بھی مشاورت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نالہ کی صفائی اور اس کی بہتری بھی ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بھی کسی کو بیروزگار کرنا نہیں چاہتی ہے۔