واشنگٹن۔(مانیٹرنگ ڈیسک ):امریکا نے کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے معمول کی پریس بریفنگ کے دوران گزشتہ روز کہا کہ ہم 9 نومبر کو کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت اور متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی نمائندے کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان کے ساتھ اس قسم کے خطرات سے نمٹنے میں ہمارا مشترکہ مفاد ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم علاقائی سلامتی کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔ ویدانت پٹیل نے کہا کہ ہم نے 2019 میں ایسا ہی کیا تھا اور آج بھی ہم دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہیں گے۔