کراچی (نمائندہ خصوصی) اسیکم -33 کی سب ڈویژن گلزار ہجری خصوصاًُ صفورا ٹاؤن کے بیشتر بلدیاتی حلقوں میں رواں برس غیر قانونی زمینی تجاوزات و دیگر تجارتی املاک کے پھیلاؤ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے… گرین بیلٹ مکمل طور پر تجارتی مقاصد کے لئے استعمال کی جاتی ہیں جس کے سبب عام شہریوں، مسافروں اور عمومی ٹریفک کی روائی میں خللسمیت بلدیاتی امور کی انجام دہی میں مسائل درپیش ہیں ۔مزید تفصیلات کے مطابق شاہراہ مولانا یوسف لدھیانوی، شاہراہ ابوالحسن اصفہانی، شاہراہ ہجری، شاہراہ سپارکو، عبید الله سندھی ودیگر کی دونوں جانب غیر قانونی زمینی تجاوزات و تجارتی املاک اور گیس سلنڈر کیبن کا تیزی سے پھیلاؤ دیکھنے میں آیا ہے۔یہاں اس امر کی وضاحت لازمی ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی، انسداد تجاوزات، ڈپٹی کمشنر شرقی اور ٹاؤن چیئرمین صفوراً کی انفرادی، نمائشی، کاغذی اور بے ترتیب کارروائیوں نے مقامی رہائشیوں اور بلدیاتی نمائندوں کو بھی آزمائش میں ڈالا ہے….ترجمان آل میمن ویلفیئر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی والمشرق سوسائٹی جناب نعیم حبیب، محمد عتیق الله، اسد حسن و دیگر معزز شہریوں نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں مذکورہ معاملات کو متعلقہ حکام کی مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے صوبائی وزیر بلدیات، سندھ اور میئر کراچی سے فوری تادیبی کارروائی سمیت محکمہ جاتی قوانین میں ممکنہ نظر ثانی کرنے پر زور دیا ہے…