کراچی( نمائندہ خصوصی )چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ریتی بجری کے غیر قانونی کاروبار کو روکنے اور اس حوالے سے قانونی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم، سیکریٹری مائنز اینڈ منرل طاہر حسین سانگی، ڈپٹی کمشنر ملیر، ایس ایس پی ملیر اور ڈائریکٹر جنرل محکمہ مائینز اینڈ منرل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اجلاس میں ہدایت دی کہ ریتی بجری کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی ملیر کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اس دوران سندھ مائنز اینڈ منرلز گورننس ایکٹ 2021 اور قواعد 2023 کے تحت مائنز اینڈ منرلز فورس کے قیام اور اس کے اختیار و دائرہ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ ایکٹ کی شق 27 کے تحت غیر قانونی کان کنی کو پہلے ناقابل گرفتاری جرم قرار دیا گیا تھا، جسے بعد ازاں 14 نومبر 2023 کو قابل گرفتاری جرم کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا۔