راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی):سکیورٹی فورسز کے ضلع ہرنائی کے علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے میجر سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 14 نومبر 2024 کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر میجر محمد حسیب کی قیادت میں سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر علاقے کو کلئیرنس کرنے کا ٹاسک سونپا گیا جنہوں نے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں میجر محمد حسیب (عمر: 28 سال، ساکن ڈسٹرکٹ ملتان) اور حوالدار نور احمد (عمر: 38 سال، ساکن ضلع بارکھان) شہید ہوگئے۔پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔