اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ، یہ عناصر ہمارے حوصلے کبھی پست نہیں کر سکتے، ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سی ایم ایچ سینٹر کوئٹہ میں زیر علاج ریلوے سٹیشن سانحے کے زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس سانحے کے زخمیوں سے ان کی جلد صحت یابی،نیک خواہشات اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔سیدال خان نے شہدا کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے ، یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ،کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گردی میں ملوث عناصر کو بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے کوشاں ہے، دہشتگردی کی عفریت کا خاتمہ کرنے کےلئے سکیورٹی فورسز کا کردار قابل قدر ہے۔سیدال خان نےکہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف بلوچستان کے ترقیاتی کاموں میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے،صوبے کی ترقی اور خوشحالی کاسفر ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کی ترقی سے خائف ہیں، کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گرد حملہ بزدلانہ کاروائی ہے۔ انہوں نے صوبے میں امن،ترقی واستحکام کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔