اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گے،قوم شہداء اور ان کے خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ میجر محمد حسیب اور حوالدار نور احمد کو وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے سلام ہے،دفاع وطن کے دوران بڑی قربانی پیش کرنے پر پوری قوم شہداء کی ممنون ہے۔صدر مملکت نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔صدر آصف علی زرداری نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعاکی۔