دوحہ (نمائندہ خصوصی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دوحہ میں قطر کے نائب وزیراعظم ،وزیر دفاع اور مسلح افواج کے چیف آف سٹاف شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں علاقائی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے باہمی عزم کا اظہار کیا۔چیئرمین جوائنٹ چیفس کمیٹی نے پاکستان اور ریاست قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قطری قیادت نے علاقائی استحکام کو یقینی بنانے میں پاکستان کے مثبت کردار کا اعتراف کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔قبل ازیں قطر کی مسلح افواج کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند فوجی دستے نے چیئرمین جے سی ایس سی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔