کراچی(وقا ئع نگار خصوصی )کراچی کے بلدیاتی اداروں میں موسم تبدیل ہونے لگا،اہم عہدوں پر موجود افسرا ن کی بڑے پیمانے پر تبادلوں کی تیاریاں کی جانے لگیں،ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات، ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے،ایل ڈی اے اور ایم ڈی اے سمیت کے ڈی اے کے محکموں میں اہم عہدوں پر موجود افسران کی کرسیاں ہلنے لگیں،سابق ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی تبدیلی سمیت پی ڈی گجر نالہ اور پی ڈی لوکل گورنمنٹ میگا پروجیکٹ کی تعیناتی بھی موسمی تبدیلی کی وجوہات قرار دی جارہی ہیں۔انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق کراچی کے بلدیاتی اداروں اور ان کے محکموں میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کے جھکڑ چلائے جانے کی تیاریاں کرلی گئی ہیں،سندھ حکومت کے اندرونی ذرائع کے مطابق بلدیاتی اداروں میں اہم عہدوں پر موجود افسران کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے جس پر آئندہ چند روز میں عمل درآمد کیا جائے گا،ذرائع کاکہنا ہے کہ موسمی تبدیلی کا جلد شکار ہونے والے افسران میںایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ کا نام بھی لیا جارہا ہے اور ان کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے عبدالرشید سولنگی،ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے صفدر علی بھگیو اور ڈی جی ایم ڈی اے نجم الدین سہتو کے نام بھی تبدیل ہونے والے افسران میں شامل بتائے جاتے ہیں،ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حال ہی میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کی ہونے والی تبدیلی کے ساتھ ساتھ ایم ڈی اے میں پی ڈی گجر نالے کے اہم عہدے پر آفاق سعید اور پی ڈی میگا پروجیکٹ لوکل گورنمنٹ کراچی کے عہدے پر ذولفقار ابڑو کی تعیناتی بھی اسی موسمی تبدیلی کی وجوہات ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں میں موجود افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے اور کارکردگی رپورٹ کے مطابق افسران کی ایک ایک کرکے تبدیلیاں کی جائیں گی،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل کو حالیہ موسمی تبدیلی میں اہم ذمہ داریاں دیئے جانے پر غور کیا جارہا ہے اور ان کی تعیناتی ایم ڈی اے یا ایل ڈی اے میںکئے جانے کا امکان ہے۔