کراچی(وقا ئع نگار خصوصی)چارجڈ پارکنگ کے نام پر مبینہ چنگی ٹیکس نافذ کئے جانے کے خلاف گلشن اقبال ٹاﺅن کے چیئرمین ، میونسپل کمشنر اور ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ کیخلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ،واٹر کارپوریشن کے حکام نے بھی ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات سمیت دیگر اعلی حکام سے رجوع کا فیصلہ کرلیا، نیپاہائیڈرنٹ ٹھیکیدار کو ٹینکرز کے مقرر کردہ سرکاری ریٹس میں کسی صورت اضافہ نہ کرنے کا حکم دیدیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال ٹاﺅن انتظامیہ کی جانب سے نیپا ہائیڈرنٹ پر چارجڈ پارکنگ کے نام پر عائد کئے گئے چنگی ٹیکس کیخلاف ہائیڈرنٹ ٹھیکیدار نے گلشن اقبال ٹاﺅن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد ،میونسپل کمشنر جاوید الرحمن کلوڑ اور ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ کیخلاف عدالت عالیہ سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکیدار نے نیپا ہائیڈرنٹ کے داخلی وخارجی راستوں پر پہرے بٹھا دیئے ہیں تاہم مذکورہ ٹھیکیدار تاحال کسی ٹینکرز سے چارجڈ پارکنگ فیس وصول کرنے میں ناکام رہا ہے جبکہ ٹینکرز مالکان نے مذکورہ چارجڈ پارکنگ کی ادائیگی سے صاف انکار کردیا ہے جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہے،واٹر کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ چارجڈ پارکنگ کے نام پر عائد کئے گئے ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں ہائیڈرنٹ کے مقررہ کردہ سرکاری نرخ میں بڑا اضافہ کرنا پڑے گا جس کا تمام تر بوجھ ٹینکرز کے ذریعے پانی خریدنے والے کراچی کے شہریوں کو برداشت کرنا پڑے گا،واٹر کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاجواز عائد کئے گئے چارجڈ پارکنگ ٹیکس جس میں ٹینکرز کی ہر انٹری پر ڈیڑھ سو سے 600 روپے تک ٹیکس عائد کیا گیا ہے چارجڈ پارکنگ نہیں بلکہ چنگی ٹیکس ہے جو کہ غیر قانونی ہے ہائیڈرنٹ پر ٹینکرز کھڑے نہیں کئے جاتے بلکہ پانی کی فلنگ کیلئے لائے جاتے ہیں،دریں اثناءکراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن شعبہ ہائیڈرنٹس کے ذمہ دار افسر کا کہنا ہے کہ نیپا ہائیڈرنٹ کے ٹھیکیدار کو ٹینکرز کے مقررہ کردہ سرکاری ریٹ میں کسی صورت اضافہ نہ کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے اوراس سلسلے میں کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں متعلقہ ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی،جبکہ واٹر کارپوریشن کے حکام نے اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکریٹر بلدیات سمیت سندھ حکومت کے حکام کو گلشن اقبال ٹاﺅن کی جانب سے عائد کئے گئے ٹیکس کیخلاف نوٹس لینے کیلئے خطوط ارسال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،دریں اثناءدوسری طرف چارجڈ پارکنگ کے ٹھیکیدار کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام قواعد وضوابط پورے کرکے گلشن اقبال ٹاﺅن کی جانب سے کی جانے والی نیلامی میں مذکورہ ٹھیکہ حاصل کیا ہے اس لئے چارجڈ پارکنگ کی وصولی درست عمل ہے