اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے عالمی بینک کے اعلی سطح وفد نے ملاقات کی۔وفد کی قیادت عالمی بینک کی پریکٹس منیجر ڈیجیٹل ڈویلپمنٹ برائے ساوتھ ایشیاء ریجن وائجنتی ٹی ڈیسائی کر رہی تھیں۔ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن، ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ اور پاکستان میں اس پراجیکٹ کو فعال کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم خان اور اسپیشل سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈویژن اظفر منظور بھی موجود تھے۔جمعرات کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر
مملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ نے عالمی بینک وفد کو ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے جاری اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت موجودہ حکومت ملک بھر میں ڈیجیٹل منتقلی کے لیئے پر عزم ہے، ملک میں ڈیجیٹلائزیشن پروسس کو لیڈ کرنے کے لیئے پرائیویٹ سیکٹر کو مکمل سپورٹ فراہم کی جا رہی ہے،ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ بہت اہم پراجیکٹ ہے اور اس کے نفاذ پر توجہ مرکوز ہے۔وفد نے حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن کے لیئے اقدامات کو سراہا اور فریقین نے ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ کے مختلف مراحل کے نفاذ کے لیئے تعاون کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ممبر آئی ٹی سید جنید امام اور ممبر ٹیلی کام محمد جہانزیب رحیم بھی میٹنگ میں موجود تھے۔