اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان اورجاپان کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات قایم ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں کے فروغ کے ذریعے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع اوراستعدادموجودہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں جاپان کے سبکدوش ہونے والے سفیر متسوہیرا وادا سے ملاقات میں کہی ،ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعاون، علاقائی اور عالمی امور پر مشترکہ اقدار ونقطہ نظر پر تبادلہ خیال ہوا ۔سبکدوش ہونے والے سفیر متسوہیرا وادا، جنہوں نے پاکستان میں اپنی تین سالہ مدت پوری کر لی ہے، نے پاکستان اور جاپان کے درمیان 1952 میں قائم ہونے والے سفارتی تعلقات کے بعد اقتصادی اور سفارتی تعلقات میں مستحکم پیش رفت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے دو طرفہ تعلقات میں مثبت رجحانات کابھی حوالہ دیااور کہاکہ جاپان تجارت اور کاروبار کو فروغ دینے، ثقافت ، کھیلوں، نوجوانوں اور تعلیمی تبادلوں میں اضافے کے زریعہ پاکستان کے ساتھ تعاون میں پرعزم ہے انہوں نے صحت، تعلیم، ماحولیات، پانی اور طرز حکمرانی جیسے باہمی ترجیحی شعبوں میں جاپان کے پاکستان کی حمایت کے عزم کابھی اعادہ کیا۔وزیرخزانہ نے پاکستان اورجاپان کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعاون کو سراہا اور پاکستان کیلئے جاپان کی ترقیاتی اور اقتصادی امداد کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ وزیرخزانہ نے پاکستانی معیشت کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور اسے مضبوط بنانے میں جاپان کے کلیدی کردار کی تعریف کی اورکہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ثقافت، تعلیم اور عوامی رابطوں کے فروغ کے ذریعے اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے وسیع مواقع اوراستعداد موجود ہیں۔وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو ملکی معیشت کی صورتحال اور مختلف معاشی اشاریوں میں نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہے ، اقتصادی استحکام کے تسلسل کوبرقرار رکھنے کے لیے اس راستے پر مستقل مزاجی کے ساتھ چلنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پائیداراقتصادی ترقی کیلئے اقدامات کے نتیجہ میں معیشت مستحکم ہوگئی ہے۔