کراچی(رپورٹ : مرزاافتخار بیگ)پاکستان میں ادب فیسٹول کی بانی اور ڈائریکٹر اور لائٹ اسٹون پبلشرز کی منیجنگ ڈائریکٹر امینہ سید(ستارہ امتیاز)کی جانب سے آج ایک پروقار پریس کانفرنس میں آٹھویں ادب فیسٹول کے مقررین کے ناموں اور دیگر تفصیلات کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق ادب فیسٹول اتوار 10 اورپیر 11 نومبر 2024 کو ہیبٹ سٹی،شارع فیصل ٹیپو سلطان روڈ پر صبح گیارہ بجے سے رات 10 بجے تک منعقد ہوگا۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب دو شہروں میں متواتر ادب فیسٹیول کا انعقاد عمل میں آرہا ہے ۔اس موقع پر امینہ سید نے ادب فیسٹیول کے شراکت داروں، سندھ حکومت،گوئٹے انسٹی ٹیوٹ، ویگوٹل، انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ، حبیب میٹروپولیٹن بینک، برٹش کونسل، میگنس انویسٹمنٹ اور ہیبٹ کراچی کی جانب سے ادب فیسٹیول کی زبردست حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ادب فیسٹیول وہ شاہراہ ہے جس کے ذریعے ہماری روایات ‘ثقافت، ادب، فنون لطیفہ اور ان کے ثمرات کا پاکستان سمیت دنیا کے ہر حصے میں مقیم لوگوں کے دلوں تک سفر ممکن ہے ۔منتظمین اور شراکت دار وں کی خواہش ہے کہ ہر خاص و عام کی آمد کے لیے بالکل مفت ادب فیسٹیول کے ذریعے لوگ کتابوں اور ادب کے تجربے سے لطف اندوز ہوسکیں۔ ادب فیسٹیول برادری سے متعلق ہے‘ اس کے پروگرامز کو تنقیدی سوچ کو ابھارنے، غالب مباحث کو ختم کرنے، متبادل نقطہ نظر کو فروغ دینے‘ تخلیقی تبادلے، دانشورانہ کھوج اور بصیرت افروز سوچ کے لیے زرخیز زمین فراہم کرنے کی مناسبت سے نہایت محتاط انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ادب فیسٹیول صبح 11 بجے خالد انعم اور ان کے گرپس تھیٹر گروپ کے 8 سے 80 سال کی عمر والوں کے لیے مرتب کئے گئے ڈرامے کے ساتھ شروع کیا جائے گا جب کہ اس کا اختتام انور مقصود کے ٹاک اینڈ ایکٹ سے ہوگا۔ادب فیسٹول کراچی کے اسپیکرز میں عمرانہ مقصود‘ مفتاح اسماعیل،یاسر لطیف ہمدانی،ڈاکٹر علی عثمان قاسمی ،عمیر عزیز سید ،ڈاکٹر عابد چوہدری،سید نوید حسین،فیصل جہانگیر،عمر شاہد حامد،سفینہ دانش الہی، طحہ کیہر، سیدہ ماہم زہرہ،ماریہ میمن ،نسرین اقبال،انجم ہلالی ،محمد علی شیخ،حسان خان،شعیب ارشد،نورالہدی شاہ،سیف سمیجو،ڈاکٹر سحر گل،مہتاب اکبر راشدی،سلمان فاروقی،جاوید خان،رابعہ ناصر ،اواب امام،عمر خان،ڈاکٹر تسنیم احسان،رضی احمد اور ڈاکٹر ہما بقائی سمیت دیگر شامل ہیں۔اس موقع پر اردو، انگریزی اور پہلی بار سندھی کی بہترین تحریروں کے لیے سالانہ ادب فیسٹیول انفاق فاو نڈیشن ایوارڈز کا اعلان کیا جائے گا ۔فیسٹول میں عمر شاہد حامد کی تازہ ترین کتاب دی الیکشن، یاسر لطیف ہمدانی کی کتاب جناح اے لائف ،سلمان فاروقی کی ڈئیر مسٹر جناح ، 70ائیرز ان دی لائف آف آپاکستانی سول سرونٹ اور عائشہ سروری کی ہارٹ ٹین ٹراماز،آ میموری آف میرج اینڈ میسوجینی سمیت دیگر کتب پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔