لاہور۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ قدرتی وسائل کو جنگ میں استعمال ہونے سے بچانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔بدھ کو جنگ اور مسلح تنازعات میں انوئرمنٹ کے استحصال کے تدارک کے عالمی دن پر جاری اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنگ اور تنازعات انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے اور قیمتی ماحول کو بھی برباد کر دیتے ہیں ،غزہ اور دیگر علاقوں میں جنگ سے انسان ہی نہیں ماحول بھی تباہی کا شکار ہورہے ہیں ، جب بھی جنگ ہوتی ہے، ماحول اور قدرتی وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار ہوتی ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مسلح تنازعات میں جنگلات کی کٹائی، پانی و فضائی آلودگی میں اضافہ اور زمین کی ذرخیزی کو نقصان پہنچایا جاتا ہے ، حیاتیات اور نباتات بھی تنازعات کے منفی اثرات کا سامنا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے پائیدار اور مربوط حکمت عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے،مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے قدرتی وسائل کی حفاظت کرنی ہوگی ،قدرتی وسائل کو جنگ میں استعمال ہونے سے بچانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانا ہوگا۔