کوئٹہ۔ (نمائندہ خصوصی):صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے واضح کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت ملک میں قانون کی بالادستی جمہوریت کے استحکام ، انصاف و شفافیت کے فروغ اور حقدار کو حق کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے ہم بلوچستان میں ایسے نظام کے خواہاں ہیں جس میں حقیقی معنوں میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی ہو۔ ہم اپنے منشور اور نظرئیے کے مطابق جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم ایک ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں جس میں کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور ہماری آنے والی نسلیں محفوظ ہوں۔سردار کھیتران نے کہا کہ صوبائی وزیر ہونے کی حیثیت سے صوبے کے عوام کے حقوق کےلئے آواز اٹھائیں گے کیونکہ عوام نے اسی مقصد کے لئے انہیں مینڈیٹ دیا ہے۔صوبائی وزیر سردار کھیتران نے وزراء سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی ترجیحات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہیں ۔ اس کے علاوہ غربت کا خاتمہ ، روزگارکا فروغ ، عام آدمی کو سہولیات کی فراہمی ، قانون و انصاف کی بالادستی ، آبنوشی ،صحت، تعلیم اور سماجی خدمات کے دیگر شعبوں کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی بحالی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔