اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے بدھ کو ملاقات کی۔ ملاقات میں کاپ 29 سربراہی اجلاس کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی اور موثر موسمیاتی کارروائی کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران رومینہ خورشید عالم نے کاپ 29 کی تیاری میں پاکستان کی جاری کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے آب و ہوا کے مسائل پر بین الاقوامی اتفاق رائے پیدا کرنے اور ملک کے موسمیاتی ایکشن پلان کو بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاپ 29 میں پاکستان کی شرکت کا مقصد اس کے قومی مفادات کی نمائندگی کو یقینی بنانا اور عالمی موسمیاتی بات چیت میں اس کی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہوگا۔وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ کاپ 29 کے لیے پاکستان کی تیاریاں بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور اہم آب و ہوا کے مسائل پر اپنے موقف کو تقویت دینے کی وسیع ترحکمت عملی کا حصہ ہیں۔ انہوں نےکہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے قومی سطح پر طے شدہ شراکت کے حصے کے طور پر اخراج میں کمی کے اپنے اہداف کو پورا کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے موسمیاتی تخفیف اور موافقت کی کوششوں میں مدد کے لیے اپنے مالی وعدوں کو پورا کرنے میں ترقی یافتہ ممالک کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی، خاص طور پر شمسی اور ہوا کی طرف منتقلی میں اہم پیش رفت کر رہا ہے اور اس کا مقصد کاپ 29 میں قابل تجدید توانائی کے اقدامات کو ظاہر کرنا ہے۔آذربائیجان کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ خاص طور پر موسمیاتی کارروائی کے تناظر میں تعاون بڑھانے کے لیے آذربائیجان کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی تعاون کے شعبوں میں آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان قریبی دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ کاپ 29 سربراہی اجلاس دونوں ممالک کے لیے ان اہم شعبوں میں اپنے باہمی مفادات کو آگے بڑھانے اور تعاون کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے اور عالمی موسمیاتی کارروائی کی کوششوں کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔