نوشہرہ(نمائندہ خصوصی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وہ آج نوشہرہ کے علاقے رسالپور میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آوٹ کیڈٹس کی گریجویشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ان کی جائز جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔