لاہور:(نمائندہ خصوصی)شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم شہدائے جموں منانے کا مقصد ان اڑھائی لاکھشہداءکو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہیں ڈوگرہ مہاراجہ کے سپاہیوں، بھارتی فوجیوں اور ہندوانتہا پسند تنظیموں کے غنڈوں نے پاکستان کی جانب ہجرت کے دوران بے دردی سے شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان شہداء نے پاکستان کی محبت میں اپنی جانیں قربان کیں۔ مقررین نے کہا کہ کشمیری مسلسل اپنی جانوں، مالوں اور عزتوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور مقبوضہ جموںوکشمیر ایک روز ضرور بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جب کوئی شہید ہوتا ہے تو اسے پاکستان کے قومی پرچم میں لپیٹ کردفن کیاجاتاہے، بھارت فوجی جبر کے بل پر کشمیر ی عوام کو دبانے کی جو کوشش کررہاہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔تقریب سے نائب صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر سید نصیب اللہ گردیزی، سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی غلام عباس میر، کشمیری رہنما مولانا شفیع جوش،رہنما کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ انجینئرمشتاق محمود،صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر لاہور ڈویڑن راجہ شہزاد، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری پی ٹی آئی آزادکشمیر مرزا صادق جرال،فاروق آزاد،علامہ مشتاق احمد قادری ،علامہ فداءالرحمان حیدری، قاری خالدمحمود،بلال احمد بٹ،راجہ ابرار، قاضی انوار، ملک نوید،ڈاکٹرزین العابدین، شجاع الدین بٹ، سائرہ بانو، زرقا نسیم ودیگر نے خطاب کیا۔