اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے 2023-24 کے لیے 50 ہزار شیلٹر نان فوڈ آئٹمز (این ایف آئیز) اور ونٹر کٹس کی تقسیم کا پروجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے جس کے تحت پاکستان کے انتہائی پسماندہ اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں کو ضروری امداد فراہم کی گئی۔منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق یہ پروجیکٹ کنگ سلمان ریلیف کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے جواب میں انسانیت کی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ منصوبہ ستمبر 2023 سے اکتوبر 2024 کے دوران چار مرحلوں میں مکمل کیا گیا جس کا ہدف پاکستان کے 44 ایسے اضلاع تھے جو شدید بارشوں ،سیلاب اور برف باری سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے۔
اس مہم کے دوران کنگ سلمان ریلیف نے 25 ہزار شیلٹر این ایف آئیز اور 25 ہزار ونٹر کٹس تقسیم کیں تاکہ ان علاقوں کے افراد سرد موسم کے سخت حالات کا مقابلہ کر سکیں اور آفات کے بعد اپنی زندگی کو دوبارہ معمول پر لا سکیں۔ بیان کے مطابق کنگ سلمان ریلیف نے اس پروجیکٹ میں قومی و صوبائی حکومت کے اداروں، جیسے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور محکمہ ریلیف بحالی وآبادکاری کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے ادارے یو این او سی ایچ اے اورآئی او ایم جبکہ مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس امدادی کام کو موثر اور منظم انداز میں انجام دیا۔ یہ منصوبہ قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں 3 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ افراد کو ضروری امداد فراہم کرتے ہوئے ان کی زندگیوں کو بحال کرنے اور استحکام لانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔