کراچی( نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ ایف بی آرکی ڈیجیٹلائزیشن سے بدعنوانی کوکم کرنے اورشفافیت کویقینی بنانے میں مدد ملے گی، ملکی معیشت کے استحکام اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے سازگارماحول کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔منگل کو سیکورٹیز اینڈایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے زیراہتمام کراچی میں علاقائی دفترکے افتتاح اورالیکٹرانک مارگیج رجسٹر کی افتتاحی تقریب سے اپنے کلیدی خطاب میں وزیرخزانہ نے کہاکہ ایس ایس سی پی نے آج اہم قدم اٹھایاہے، کلی معیشت میں استحکام آرہاہے، حکومت درست سمت میں گامزن ہیں، خساروں میں کمی آئی ہے، کائیبور13فیصدکی سطح پرہے، زرمبادلہ کے ذخائربڑھ رہے ہیں،کرنسی مستحکم ہے، افراط زرمیں کمی آئی ہے۔انہوں نے کہاکہ پالسی ریٹ میں بتدریج کمی آرہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ آئی ایم ایف سے سٹینڈبائی معاہدے
پرعملدرآمد کے ثمرات اب سامنے آرہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ ٹیکنالوجی کااستعمال وقت کی ضرورت ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے انسانی مداخلت کوکم سے کم کیا جاسکتاہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اورکرپشن کم ہو جائے گی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ ہفتوں میں واشنگٹن اورمشرق وسطیٰ میں ملاقاتوں کے دوران ملکی معیشت اورپاکستانی حکومت کے اقدامات کے حوالہ سے اچھا فیڈبیک ملاہے، دوست ممالک اورکثیرالجہتی شراکت دارپاکستان کے دیرینہ ساتھی ہیں اورانہوں نے پاکستان میں اب تک اربوں ڈالرکی معاونت فراہم کی ہے، ان شراکت داروں نے ایک بارپھرپاکستان میں سرمایہ کاری اورمنصوبوں کیلئے اپنے عزم کااعادہ کیاہے۔ضرورت اس امرکی ہے کہ سرخ فیتہ کے خاتمہ، ضابطہ جاتی طریقہ کارکوبہتربنانے اورکاروبارمیں آسانیوں کویقینی بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ صرف ٹیکنالوجی نہیں بلکہ استعدادکارمیں اضافہ بھی ضروری ہے، ہمیں اس بات کویقینی بناناہے کہ ٹیلنٹ کو سامنے لایاجائے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ ایس ایس سی پی سے منظوری کے بعدمنصوبوں پرعمل درآمدکو جلدازجلدآپریشنل کرانا ضروری ہے۔