اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آج منگل کی صبح کراچی میں نجی گارڈ سے جھگڑے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں دو چینی شہری زخمی ہوگئے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا اور وہ زیر علاج ہیں،ہم زخمیوں کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق واقعہ کی تفتیش جاری ہے، پاکستان ذمہ دار فرد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پرعزم ہے۔وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور اسلام آباد میں چینی سفارتخانہ کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین قریبی شراکت دار اور آہنی برادرہیں جو باہمی احترام اور مشترکہ تقدیر کے بندھن میں متحد ہیں۔پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کے تحفظ اور تحفظ کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے۔