اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی)متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والی نمائش گلفوڈ 2024 میں پاکستانی پویلین کا شاندار افتتاح کر دیا گیا ۔ منگل کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور چیف ایگزیکٹو، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی ) زبیر موتی والا نے دبئی میں گلفوڈ مینوفیکچرنگ 2024 کے 10ویں ایڈیشن (5-7 نومبر 2024) میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر قونصل جنرل حسین محمد اور تجارتی قونصلر دبئی علی زیب خان نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر زبیر موتی والا نے کہا کہ پاکستان پہلی بار گلفوڈپروسیسنگ میں حصہ لے رہا ہے، یہ ایک شاندار تجربہ ہے اور مجھے بے حد خوشی ہے کہ پاکستانی نمائش کنندگان اپنی پیکیجنگ اور فوڈ پروسیسنگ کی صلاحیتوں کو دکھانے کے لئے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے یہاں موجود ہیں۔
سفیر فیصل ترمذی نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کی چھتری تلے پاکستان سے 21 نمائش کنندگان جبکہ 8 کمپنیاں نمائش میں خوراک اور مشروبات کی صنعت کے لئے خوراک کے اجزاء، پروسیسنگ اور پیکجنگ، پرنٹنگ، لیبلنگ اور سپلائی چین سلوشنز کے لئے نمائش میں شرکت کر رہی ہیں۔ اس سال اس میگا ایونٹ میں دنیا بھر کے 60 سے زائد ممالک سے 1,200 سے زائد سپلائرز شرکت کر رہے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو ٹی ڈی اے پی، سفیر، قونصل جنرل اور تجارتی قونصلر نے پاکستانی پویلین کے تمام سٹالز کا دورہ کیا اور نمائش کنندگان سے تفصیلی بات چیت کی۔ ایونٹ سے پہلے کے انتظامات اور نمائش کے دن، کمرشل سیکشن پاکستان قونصلیٹ دبئی نے پاکستانی نمائش کنندگان کو ہر ممکن مدد اور سہولت بھی فراہم کی۔