اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی):وزیر اعظم نے 26 اکتوبر کو ایران پر اسرائیل کےحملےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیاہے۔ منگل کو وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی ۔ایران کے وزیر خارجہ کے طور پر پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر آنیوالے عراقچی کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پیزشکیان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مزید برآں وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے خطے کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلسطینی عوام کی حق خودارادیت اور آزاد ریاست کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جاری نسل
کشی مہم کی شدید مذمت کی اور اس حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی ضرورت، بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی اور سب سے بڑھ کر فلسطینی عوام کو حق خودارادیت کے ناقابل تنسیخ حق جس کی انہیں اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کی ضمانت دی گئی ہے،کی فراہمی پر بھی زور دیا۔ وزیر اعظم نے 26 اکتوبر 2024 کو ایران پر اسرائیل کےحملےکی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اصولی موقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورتحال کے حوالے سے ایران کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔