مظفرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک ):کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے 6نومبر 1947کے شہدائے جموں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام آزادی کے حصول تک بھارتی قبضے کیخلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے دیگر حریت رہنمائوں کے ہمراہ مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اوراقوامِ متحدہ کی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی فوجی قبضے کے خاتمے اورحق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام اپنی مزاحمت ہر محاذ پر جاری رکھیں گے۔ انہو ںنے کہا کہ پوری قوم 6نومبر 1947کے عظیم شہدائے کرام کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جنہیں اس وقت کے بھارتی حکمرانوں کی شہ پر ڈوگرہ فوج اورہندو انتہا پسند تنظیموں کے جتھوں نے مل کر قتل کیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں نے ایک سازش کے تحت چار لاکھ مسلمانوں کا قتل عام کیا اور لاکھوں خاندانوں کو ریاست سے ہجرت کرنے پر مجبور کیا جس کی وجہ سے جموں خطے کی مسلم اکثریت اقلیت میں تبدیل ہو گئی تھی۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارتی فوج آزادی ، حقوق اور انصاف مانگنے کی پاداش میں 1989کے بعد اب تک سوا لاکھ کشمیریوں کو شہید کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کیخلاف بھرپور مزاحمت کر رہے ہیں جو تا حصول آزادی جاری رہے گی۔ حریت رہنما نے کہاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کاایک ایسا حل چاہتی ہے جس میں کشمیری عوام کی مرضی و منشا شامل ہو ۔ حریت کانفرنس اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاںپوری کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت جبرواستبداد سے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی ،محمد قاسم فکتو ، ایاز اکبر ، پیرسیف اللہ اور ڈاکٹر حمید فیاض سمیت بھارت کی جیلوں میں نظربند تمام کشمیریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔دریں اثناء حریت رہنما سید یوسف نسیم نے بھی ایک بیان میں شہدائے جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔