اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر منیر اکرم نے پیر کو ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے معیشت کو مستحکم کرنے اور برآمدات بڑھانے کے لئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت پیداوار میں اضافہ پر توجہ دے رہی ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے اور اس ضمن میں پاکستانی تاجروں کو اپنی توسیعی حکمت عملی تیار کرنی چاہئے۔ انہوں نے توانائی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ بجلی مہنگی ہے لیکن سستی مزدوری ایک فائدہ ہے جسے برآمدات بڑھانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے ذریعے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرمایہ کاری پاکستان کو تیز ترقی کی راہ پر لے جائے گی۔